16 اپریل 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج اپنے ملک کی ارضی سالمیت کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائي ملکوں کے ساتھ علاقے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کی آمادگي رکھتی ہیں۔

ابنا: صدر جناب احمدی نژاد نے آج یوم مسلح افواج کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ سے خطاب میں خلیج فارس کی اہمیت و حساسیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امن و سلامتی علاقائي ملکوں اور قوموں کے باہمی تعاون سے قائم ہوسکتی ہے اور بیرونی ملکوں کی فوجی موجودگي سے اختلافات و بدامنی کے علاوہ کوئي نتیجہ نہیں نکلا ہے۔

صدر جناب احمدی نژاد نے ملت ایران کو سب سے زیادہ امن پسند قوم قرار دیا اور تاکید کی کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملت ایران ہمیشہ دیگر قوموں کی خوشیوں اور غموں میں شریک رہی ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ ملت ایران اپنی مسلح افواج کے ساتھ عالمی سامراج کے سامنے ڈٹی رہے گي اور ساری دنیا میں مظلوموں کا دفاع کرے گي۔

صدر مملکت نے کہا کہ تہذیب سے عاری و خودغرض سرمایہ دار، حریت پسند اور عدل و انصاف کی خواہاں نیز اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی خواہش رکھنے والی قوموں کو کچل رہے ہیں لہذا وہ ایران کی سرفراز، سربلند اور ہمیشہ ہوشیار مسلح افواج سے کیسے خوش رہ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ آج یوم مسلح افواج کی مناسبت سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی قدس سرہ کے مقبرے کے سامنے مسلح افواج نے پریڈ کیا۔ اس پریڈ کے دوران مختلف طرح کے جنگي طیاروں نے بھی پروازیں کیں۔ اس پریڈ میں مسلح افواج کے تحقیقاتی اور صنعتی اداروں کی مصنوعات کی نمائش کی گئي۔

اس پریڈ میں جدید کاری شدہ ٹینک ذوالفقار، مختلف طرح کی بھاری اور نیم بھاری توپوں، نازعات اور میثاق دو نامی راکٹ لانچر، ٹینک لےجانے والے بھاری ٹرکوں اور کیمیاوی آلودگي ختم کرنے والے سسٹم کی نمائش کی گئي۔ اس موقع پر خاتم الانبياء ایئر ڈیفنس کمانڈ نے بھی اپنے ساز و سامان کی نمائش لگائي۔ جن میں مطلع الفجر نامی راڈار نیز قومی راڈار خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔.......

/169